اقلیتوں کے لئے ۵ عالمی معیار کی یونیورسٹی اور ۱۰۰ اسکول کا قیام کرنے کے لئے اقلیتی امور کی وزارت تیار کر رہی روڈمیپ: شاکر انصاری

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب مختار عباس نقوی کی قیادت میں ۵ عالمی معیار کی یونیورسٹی اور ۱۰۰ اسکولوں کے قیام کا روڈمیپ تیار ہو چکا ہے اور اس سلسلہ میں منصوبہ بندی اب آخری مراحل میں ہے۔ یونیورسٹی اور اسکول کے قیام کے سلسلہ میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اب منصوبہ بندی پر عمل درآمد کے مراحلے تک لے جایا جا رہا ہے۔ یہ معلومات مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خزانچی جناب محمد شاکر انصاری نے اس سلسلہ میں منعقد کی گئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے نکلتے ہوئے فراہم کی۔

انصاری نے بتایا کہ بھارت سرکار کے کیندریہ ودیالیوں کی طرز پر بھارت کے مختلف شہروں میں اسکولوں کو کھولا جائیگا جن کا نام مولانا آزاد کے نام پر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ پانچ عالمی معیار کی یونیورسٹیاں کھولی جائیں گی جن میں جدید اداروں کی طرز پر اس دور کے تمام کورس کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ آگے آنے والے وقت میں یہ ادارے اعلیٰ معیار کی تعلیم دیں گے اور اقلیتی فرقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے تکنیکی معلومات فراہم کرنے میں ایک بڑا رول ادا کریں گے، انصاری نے کہا۔

اس معاملے میں تازہ معلومات فراہم کرتے ہوئے شاکر انصاری نے بتایا کہ جناب مختار عباس نقوی یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے قیام کے کام میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور جلد از جلد منصوبے کو عملی جامہ پہنے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انصاری نے ملک میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے مقصد سے چلائی جا رہی مودی حکومت کی ’’وزیر اعظم مہارت ترقی اسکیم‘‘کو ملک کے مدارس سے جوڑنے کی جناب مختار عباس نقوی کی کوششوں کو سراہا۔

اس بابت حالیہ دنوں میں ہوئی ایک میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے انصاری نے بتایا کہ حال ہی میں وزارت اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے مدرسوں کو لے کر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی تھی اور ان کے محکمے مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں ایک کمیٹی کی بھی تشکیل ہوی ہے جس کے بعد ملک بھرکے مدارس بڑے پیمانے پر اس اسکیم سے جڑ رہے ہیں تاکہ ان میں پڑھنے والے بچوں کا مستقبل سنور سکے۔

انھوں نے آگے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ایسی عوام دوست اسکیموں سے عوام بڑی تعداد میں جڑ رہی ہے اور ان کا نتیجہ مہاراشٹر، اتر پردیش ، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں حالیہ دنوں میں ملی بڑی کامیابیوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔

آر.این.آئی. (ریئل نیوز انٹرنیشنل) نیوز

You may also like...

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *